اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان سعودی عرب نے تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرلیا،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی،علاقائی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور سعودی سفیر نے بات چیت ،سفارت کاری کو فروغ دینے کےلئے اجتماعی کوششوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا،دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ تعلقات کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دریں اثنا نائب وزیر اعظم ،اسحاق ڈار سے لارڈ عامر سرفراز نے بھی ملاقات کی ،پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات، پاکستانی کمیونٹی اور برطانیہ کی بدلتی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،لارڈ عامر سرفراز نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں نائب وزیر اعظم کے مسلسل و فعال کردار کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان ،برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص لارڈ عامر سرفراز جیسے ممتاز پارلیمنٹیرینز دونوں ممالک کے درمیان اہم پل کا کردار ادا کرتے ہیں،یقین ہے پاکستانی کمیونٹی عوامی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گی۔
پاکستان سعودی عرب کاتعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ



















