ایران کے ٹاپ ملٹری کمانڈر کا امریکہ کو تباہ کن جواب دینے کا انتباہ

تہران (مشرق نیوز) ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت یا وحشیانہ اقدام کا ایرانی مسلح افواج کی جانب سے فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دیا جائیگا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے نشر کئے گئے بیان میں میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکہ کو شیطان بزرگ اور مجرم، عہد شکن اور فریب کار دشمن قرار دیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایرانی مسلح افواج، عوام اور حکام کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائیگا اور امریکہ پر گزشتہ جنگوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بھاری قیمت مسلط کی جائیگی۔

عبداللہی نے کہا کہ دشمن نے فوجی محاذ پر مسلسل ناکامیوں کے بعد اب عوام اور ان کی قیادت کے درمیان اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے میں پناہ ڈھونڈ لی ہے، ہمارے عزیز وطن کی دفاعی طاقت، عظیم اور وسیع ایران کی سرزمین میں جنوب سے شمال اور مشرق سے مغرب تک، ہماری باوقار اور بہادر قوم کے امن اور سلامتی کی مضبوط بنیاد ہے۔