لاہور (نعیم جاوید ) محکمہ زراعت نے موسمی تغیرات کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر فصلوں، سبزیوں اور دیگر زرعی اجناس کے تحفظ کیلئے متعدد انتظامات بروئے کار لائے ہیں۔ محکمانہ ذرائع کے مطابق بدلتے موسم، غیر متوقع بارشوں، درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور سردی و گرمی کی لہروں کے باعث فصلوں کو لاحق خطرات کے تدارک کیلئے فیلڈ سطح پر نگرانی کا نظام مزید فعال کر دیا گیا ہے جبکہ کسانوں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ڈائریکٹر محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اب ایک مستقل چیلنج کی صورت اختیار کر چکی ہے جس سے نمٹنے کیلئے حکومت مرحلہ وار حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ان کے مطابق زرعی ماہرین کی ٹیمیں اضلاع کی سطح پر کسانوں کو موسمی پیشگوئیوں، بیجوں کے درست انتخاب، آبپاشی کے بہتر طریقوں اور کھاد و زرعی ادویات کے متوازن استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کر رہی ہیں تاکہ فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔محکمہ زراعت کے مطابق حکومت نے موسمی تغیرات کے حوالے سے آگاہی مہم کا بھی آغاز کر رکھا ہے جس کے تحت الیکٹرانک و سوشل میڈیا، پمفلٹس، کسان سیمینارز اور فیلڈ ڈیز کے ذریعے تشہیری سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس مہم میں کسانوں کو بتایا جا رہا ہے کہ غیر معمولی موسمی حالات میں فصلوں کی دیکھ بھال کس طرح کی جائے اور کن احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے۔ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ سبزیوں کے کاشتکاروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں بیج بونے کے اوقات میں رد و بدل، پولی ٹنلز اور شیڈ نیٹ کے استعمال، اضافی یا کم آبپاشی سے اجتناب اور بیماریوں و کیڑوں پر کڑی نظر رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث سبزیوں میں بیماریاں تیزی سے پھیل سکتی ہیں، اس لئے پیشگی حفاظتی سپرے اور ماہرین کے مشورے سے اقدامات ناگزیر ہیں۔محکمہ زراعت کے مطابق گندم، مکئی، چاول اور دیگر اجناس کیلئے بھی موسمی صورتحال کے مطابق سفارشات مرتب کی گئی ہیں، جبکہ ایگرو ایڈوائزری الرٹس کے ذریعے کسانوں کو بروقت خبردار کیا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر زراعت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موسمی تغیرات کے اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے محکمہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا اور کسان برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیگا۔
موسمیاتی تبدیلی مستقل چیلنج، نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں :محکمہ زراعت



















