ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز اور غیر مجاز پارکنگ سٹینڈز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان ہاوسنگ سکیموں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو فراڈ اور مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آر پی او ایاز سلیم، ڈی پی او عثمان ٹیپو، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، اے ڈی سی جنرل نیاز احمد مغل، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اوکاڑہ اور پاکپتن کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان اور گورننس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کے اثرات عوام کو واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پرائس کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ڈویژن بھر میں نان ٹیکس پیڈ سگریٹس اور تجاوزات کے خلاف بھی بلا تعطل کاروائیاں جاری ہیں۔ اسی طرح غیر قانونی پیٹرول پمپس اور ایل پی جی ڈی کینٹنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ پر زور دیا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے باہمی رابطہ مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول کی فراہمی سمیت مختلف منصوبوں پر کام بھی جاری ہے۔علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دینے والے ڈسٹرکٹ و ڈویژنل افسران میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق سمیت ڈویژن بھر کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے افسران کی محنت، لگن اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات کا مقصد قابل افسران کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ فرائض سرانجام دیتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کی ضلعی انتظامیہ نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے جو دیگر اضلاع کیلئے ایک مثال ہے۔ اس تقریب سے انتظامی افسران میں مزید بہتری لانے اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں سرانجام دیتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
غیرقانونی ہاﺅسنگ سوسائٹیز، پارکنگ سٹینڈز کیخلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے: کمشنر ساہیوال


















