پاکستان کا وقار بلند،پڑوسی جل کر راکھ ہو رہے ہیں،احسن اقبال

نارووال،اسلام آباد:( بیورورپورٹ)وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے بھارت سمیت پوری دنیا کو تباہی سے بچالیا،پاکستا ن کاوقار بلند،پڑوسی جل کر راکھ ہو رہے ہیں،مودی حکومت کو حسدکرنے کی بجائے شکرگزار ہونا چاہیے۔

کرسچن کمیونٹی میں ایسٹر کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاجنگ کے شعلے پورے خطے کو جھلسارہے تھے، پوری دنیا کی نگاہیں پاکستان پر جمی ہیں، پاکستان کو وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کی کوششوں سے عزت ملی اگر آپ بارڈر سے ادھر نظر ڈالیں تو دھواں اٹھتا نظر آئے گا، پڑوسی کوئلے کی طرح جل کر راکھ ہو رہے ہیں،پہلے معرکہ حق اوراب جنگ بند کرانے پر پاکستان کا وقار بلند ہوگیا۔

دریں اثنا اپنے بیان اور انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا پاکستان کو اسلام آباد امن مذاکرات کی میزبانی پر فخر،کامیابی سے عالمی معیشت کو فائدہ ہوگا،پاکستان نے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا، برادر ممالک کی مثبت کوششوں سے امن کا موقع ملا ، بد اعتمادی کی بجائے بات چیت کو فروغ دینا ہوگا،کشیدگی کی بجائے برداشت و عقل سے کام لینے کی ضرورت، جنگ پورے خطے و دنیا کےلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا بحران اب صرف خطے تک محدود نہیں رہا، دنیا بھر میں مہنگائی و معاشی دباﺅ بڑھ رہا ، توانائی کی فراہمی متاثر، عالمی مارکیٹس غیر یقینی کا شکار ہے،مذاکرات لاکھوں خاندانوں کے مستقبل کیلئے اہم ہیں، تاریخ طاقت نہیں دانشمندی دکھانے والوں کو یاد رکھے گی،احسن اقبال نے کہاجنگ بندی میں لبنان کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، امید ہے اسرائیل تاریخی موقع کو سبوتاژ نہیں کرےگا، فریقین کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کوکامیابی سمجھیں گے۔