اسرائیلی حملے،مزید فلسطینی شہید،ناکہ بندی توڑنے کیلئے گلوبل صمود فلوٹیلا پھر چل پڑا


بارسلونا،غزہ:(مشرق نیوز) اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کیلئے گلوبل صمود فلوٹیلا ایک بار پھر غزہ کی جانب چل پڑا۔

40 کشتیوں پر مشتمل فلوٹیلا نے اتوار کو روانہ ہونا تھا تاہم خراب موسم کے باعث روانگی تاخیر کا شکار ہوئی،غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق قافلہ زیادہ تر بادبانی کشتیوں پر مشتمل ہے،مزید 20 کشتیاں بھی شامل ہوں گی،24اپریل کو اٹلی کے شہر سسلی کی سیراکوس بندرگاہ سے دیگر جہاز قافلے کاحصہ بنیں گے۔

منتظمین کے مطابق فلوٹیلا جنوبی اٹلی میں ایک ہفتہ قیام کرے گا ،شرکا کو عدم تشدد کی تربیت دی جائے گی،دنیا بھر سے فلسطین کے حامی سینکڑوں کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔

دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے نہ رکے ،تازہ کارروائیوں میں 11 فلسطینی شہید ہوگئے ،معصوم بچے بھی شامل ہیں،پناہ گزین کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔