اسلام آباد (مشرق نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ملک کے صحت کے نظام میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق سنٹرل ڈرگز لیبارٹری کراچی نے عالمی ادارہ صحت کی پری کوالیفکیشن کامیابی سے حاصل کر لی ہے۔
اس سرٹیفیکیشن کے حصول کے بعد ڈریپ کی ٹیسٹنگ سروسز عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ سخت معیار پر پوری اترتی ہیں جس سے ملک میں ادویات کی جانچ کے معیار کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ درجہ حاصل ہو گیا ہے، اس لیبارٹری میں جانچی جانے والی ادویات محفوظ، موثر اور اعلیٰ معیار کی حامل ہوں گی۔
وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے اس اہم کامیابی پر ڈریپ اور سنٹرل ڈرگز لیبارٹری کراچی کی تکنیکی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت حکومتی صحت اصلاحات میں ایک بنیادی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے نظام کو محض علاج تک محدود رکھنے کے بجائے ایک جامع ہیلتھ کیئر نظام میں تبدیل کرنے کیلئے پرعزم ہے جہاں بیماریوں کی روک تھام اور معیار کو اولین ترجیح حاصل ہو۔
سید مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ قومی لیبارٹریوں میں ادویات کا عالمی معیار کے مطابق تجزیہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کی پہلی دفاعی لائن ہے، جبکہ یہ کامیابی ”میڈ اِن پاکستان“ ادویات پر عالمی اعتماد کو بھی فروغ دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پیشرفت کے بعد ملکی دواساز صنعت کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور مریضوں کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔
وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت صحت ریگولیٹری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پرعزم ہے اور غیر معیاری و جعلی ادویات کے سدباب کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ڈریپ نے پاکستانی طبی نظام میں اہم سنگ میل عبور کرلیا


















