اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کیلئے 1.2ارب ڈالر قسط کی منظوری دیدی۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے قسط کی منظوری ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ایک ارب ڈالر ای ایف ایف پروگرام کے تحت جاری کرنے کی منظوری دی جبکہ موسمی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے 20 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
جائزہ مشن نے پاکستان کی معیشت کا جائزہ لینے کے بعد قرض جاری کرنے کی سفارش کی تھی، ذرائع کے مطابق موجودہ پروگرام کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر 3.3 ارب ڈالر جاری ہو چکے ہیں، پاکستان نے ستمبر 2024 میں 37 ماہ کیلئے ای ایف ایف پروگرام لیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 مئی کو طلب کیا گیا تھا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ 27 مارچ کو طے پایا تھا۔
پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کی 1.2 ارب ڈالر قسط کی منظوری



















