لاہور (اپنے نمائندے سے) داتا گنج بخش کے 983ویں سالانہ غسل مزار کی تقریب 9 محرم کو منعقد ہوگی جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر انتظام حضرت داتا گنج بخش (حضرت علی بن عثمان ہجویری) کے 983ویں سالانہ غسل مزار کی مرکزی تقریب 9 محرم الحرام 1448ھ کو داتا دربار لاہور میں منعقد ہوگی۔ پنجاب حکومت، محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ نے تقریب کے انعقاد کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ غسل مزار کی تقریب میں مزار اقدس کو عرقِ گلاب سے غسل دیا جائیگا اور ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ تقریب میں علما و مشائخ، مذہبی شخصیات، سرکاری حکام اور ملک بھر سے آنے والے عقیدت مند بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تقریب کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور اور سی سی پی او لاہور کو سکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ حساس مقامات کی نگرانی، سرچ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا خواتین زائرین کی سہولت کیلئے خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق غسل مزار کی تقریب میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے اہم نمائندوں، محکمہ اوقاف پنجاب کے اعلیٰ حکام، مختلف مکاتب فکر کے علما کرام اور مشائخ عظام کی شرکت متوقع ہے۔ دوسری جانب داتا دربار اور اس کے اطراف میں صفائی، روشنی، طبی امداد، ٹریفک کی روانی اور زائرین کی رہنمائی کیلئے خصوصی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں تاکہ تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ حضرت داتا گنج بخش برصغیر کی عظیم روحانی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں اور ان کا سالانہ عرس اور غسل مزار کی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہیں، جن میں ملک بھر سے ہزاروں زائرین شرکت کرتے ہی جبکہ ہر سال کی طرح نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار،صوبائی وزیر شافع حسین، صوبائی وزیر ہاﺅسنگ بلال یٰسین و دیگر کی آمد متوقع ہے جبکہ اسحاق ڈار بطور مہمان خصوصی چادر چڑھا کر عرس کی تقریبات کا افتتاح کریں گے۔
حضرت داتا گنج بخش کے 983ویں سالانہ غسل مزار کی تقریب کیلئے تیاریاں مکمل


















