قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے مالی مراعات میں بڑا اضافہ

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے مالی مراعات میں بڑے اضافے کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور میں پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 84واں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نئے مالی سال 27-2026 کے سرپلس بجٹ اور پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خودمختار بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے کے اضافے کی منظوری سے بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اجلاس میں نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ و ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے میچ فیس میں اضافے کی منظوری دیدی گئی۔ قائد اعظم ٹرافی کے پلیئرز کیلئے میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ریزرو پلئیرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ریجنل گراونڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ 12 مزید گراونڈز کو آپریشنل کرنے اور ہیومن ریسورس کیلئے فنڈز مخصوص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی اور دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کیلئے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو میکینس مشین لگانے کیلئے فنڈز مختص کرنے کی منظوری کے ساتھ بی او جی کے گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔

اجلاس میں چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضیٰ نے نئے مالی سال کے بجٹ کے خدوخال اور اعداد و شمار کے بارے میں بریفنگ دی۔ بی او جی کے ممبران انوار غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد، عدنان ملک، ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی اور دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور تمام ڈائریکٹرز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔