طلبہ کیلئے آسان اقساط پر ای بائیکس دوبارہ متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا،مریم نواز

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام جمہوری قوتوں پر مل کر کام کرنے پر زور دیا ہے۔مریم نواز شریف نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن پر تمام جمہوری قوتوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس دن کا مقصد عوامی حقوق کے تحفظ اور پارلیمانی روایات کی پاسداری کو فروغ دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام ہی ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ پارلیمان کی بالادستی، آئین کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کا فروغ ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور شفاف حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، جبکہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں گڈ گورننس، مو¿ثر قانون سازی اور عوامی فلاح کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پھر سے نوجوان طلبہ کیلئے آسان ترین اقساط پر ای بائیکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب نے الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کا سنگ میل بھی عبور کر لیا، اسمبلنگ پلانٹ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ شروع کر چکا، پنجاب اب صرف بسیں نہیں چلا رہا بسیں بنا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے پھر سے نوجوان طلبہ کے لئے آسان ترین اقساط پر ای بائیکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، طلبہ کو ایک سال میں ایک لاکھ ای بائیکس دی جائیں گی، پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی سبسڈی دے گی، نوجوان طلبا کو ای بائیک کے حصول کیلئے 14 ہزار ڈاون پیمنٹ کرنی ہوگی۔طالبات کی ای بائیکس کی ڈاون پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خود کریں گی، طلبہ کو ای بائیکس کے حصول کے لئے صرف 2100 روپے ماہانہ سود فری آسان قسط ادا کرنا ہوگی، پنجاب کے سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں 1500 بسیں چلائی جائیں گی۔حکام کے مطابق پہلے فیز میں پنجاب کی 91 تحصیلوں میں 1500 بسیں چلائی جائیں گی، تحصیل لیول پر 1500 الیکٹرک بسیں کی خریداری کے لئے پی سی ون منظور کر لیا گیا، مختلف اضلاع میں نئی 189 الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کیلئے تیار ہیں۔