ڈارون ٹیسٹ: حسن محمود کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا 198 رنز پر آل آوٹ

ڈارون (مشرق نیوز) بنگلہ دیش کے حسن محمود کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلوی ٹیم 198 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ ڈارون میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 45 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد یکے بعد دیگرے 74 کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گر گئیں۔ جیک ویدرالڈ 23، ٹریوس ہیڈ 22، کیمرون گرین 13 اور مارنس لبوشین ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔

بعد ازاں سٹیو سمتھ اور ایلکس کیری نے 55 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو کچھ سنبھالا تاہم 129 کے مجموعی اسکور پر کیری بھی 19 رنز بناکر چلتے بنے۔ ایک اینڈ سے سٹیو سمتھ نے ٹیم کو سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 198 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

سٹیو سمتھ 71 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ بیو ویبسٹر 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نیتھن لیون 7 اور مچل سٹارک ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 6 جبکہ تسکین احمد اور عبادت حسین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ دوسرا موقع ہے جب بنگلہ دیشی فاسٹ بولرز نے ایک اننگز میں تمام 10 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن محمود کی جانب سے 55 رنز کے عوض 6 وکٹیں کسی بھی بنگلہ دیشی فاسٹ بولر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرا بہترین ہندسہ ہے۔