کشیدگی روکنے کیلئے مذاکرات، سفارتکاری ناگزیر ہے، آر4 گروپ وزرائے خارجہ

عمان:(مشرق نیوز)آر فور گروپ کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے خطے میں کشیدگی روکنے کےلئے مذاکرات ،سفارتکاری ناگزیر ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہاعمان میں مصر، پاکستان، سعودی عرب ،ترکیہ پر مشتمل آر4 گروپ کی اہم بیٹھک میں خطے کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا،وزرا نے فلسطینی عوام کے حقوق بشمول حق خودارادیت اور 4 جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کےلئے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

چاروں وزرائے خارجہ نے ایک بار پھر عزم کا اظہار کیا فلسطینی مسئلے کا منصفانہ، جامع اور مستقل حل مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کےلئے لازمی ہے،آر4 گروپ وزرائے خارجہ نے خطے کے استحکام کے فروغ کےلئے چاروں ممالک کے درمیان مسلسل مشاورت و قریبی رابطوں کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔