اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصوتیون بن اسماعیل نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے انسداد دہشت گردی اور دوطرفہ تجارت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، انہوں نے انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور میں ادارہ جاتی تعاون کی پیش رفت کو سراہا گیا، صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون سے دونوں ممالک کے شہریوں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے، صدر مملکت نے ملائیشیا میں پاکستانی مصنوعات کیلئے مزید مارکیٹ تک رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ملائیشیا میں پاکستانی چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک کی طلب موجود ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کیلئے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
ملائیشیا کے وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ 2026 پاکستان اور ملائیشیا کے سفارتی تعلقات کے قیام کا 69واں سال ہے، ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان فضائی رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان اس وقت ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں، جبکہ فضائی رابطوں میں مزید اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملائیشین وزیرِ داخلہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
صدر زرداری سے ملائیشین وزیر داخلہ کا سکیورٹی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق



















