مادھوری ڈکشت کی 24 سال بعد ٹی وی سکرین پر واپسی

ممبئی (مشرق نیوز) بالی وڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ 24 سال بعد ایک بار پھر ٹیلیویژن پر بطور میزبان نظر آئیں گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مادھوری ڈکشت بہت جلد آنے والے کوئز شو ”کون ہونار کروڑپتی“کی میزبانی کریں گی۔یہ شو امیتابھ بچن کی میزبانی میں چلنے والے مقبول کوئز شو ”کون بنے گا کروڑپتی”کا مراٹھی ورژن ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شو کی انتظامیہ کی جانب سے منگل کے روز اس کا پہلا پرومو جاری کیا گیا ہے جس میں اداکارہ روایتی مہاراشٹری انداز میں نظر آئیں۔ پرومو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مادھوری نے سبز اور سنہری ساڑھی پہنی ہوئی ہے جس کے ساتھ انہوں نے روایتی سونے کے زیورات اور مہاراشٹری انداز کی نتھ بھی پہنی ہے۔

بالی وڈ اداکارہ نے مراٹھی زبان میں شو کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ جو پہلے کبھی نہیں ہوا، وہ اب ہونے والا ہے، پورے مہاراشٹرا کے گھروں میں گفتگو کا نیا سلسلہ شروع ہوگا کیونکہ اب، کھیل بدلنے والا ہے ، میں آپ کیلئے ”کون ہونار کروڑپتی‘ ’ لےکر آ رہی ہوں اور یہ جلد آ رہا ہے۔

اس کے علاوہ مادھوری نے یہ پرومو اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر بھی شیئر کیا جس کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ میں اس سفر کا آغاز کرنے اور آپ کیلئے ایک ایسا گیم شو پیش کرنے کیلئے پرجوش ہوں جو ہمیشہ علم، خوابوں اور امکانات کے گرد گھومتا رہا ہے۔