شہباز،زرداری ملاقات،مکہ معاہدے پر تبادلہ خیال،عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے،صدرمملکت

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)صدر زرداری سے وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات،یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ،سینیٹر شیری رحمن بھی ملاقات میں موجود رہے،وزیراعظم نے صدر مملکت کو سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین طے پانےوالے تاریخی امن معاہدے سے آگاہ کیا۔

صدر مملکت نے دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام ،امت مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کیلئے سہ فریقی امن معاہدے پر موثر عملدرآمد کےلئے نیک خواہشات کا اظہار ،سعودی عرب، ترکیہ ، پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کےلئے وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔

دونوں رہنماﺅں نے داخلی و خارجی امور سمیت فتنہ الہندوستان ، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کےخلاف کارروائیوں میں مسلح افواج ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا ،وطن عزیز سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آصف زرداری نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف ، اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی مناسب نرخوں پر دستیاب بنانے کےلئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاعلاقائی و عالمی امن کے فروغ کےلئے موثر سفارتی کاوشوں سے پاکستان کے عالمی مقام کو مزید تقویت ملے گی ،مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے۔