میامی (مشرق نیوز) لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے مرد کھلاڑی بن کر فٹ بال کی دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچ کے 33 ویں منٹ میں لیونل میسی نے اپنے مخصوص کلاسک انداز میں شاندار گول کر کے ارجنٹائن کو برتری دلائی، اس کے ساتھ ہی وہ فیفا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹ بالر بن گئے۔
اس سے قبل کھیل کے آغاز میں ارجنٹائن کو ملنے والی پینلٹی کک پر میسی گول کرنے میں ناکام رہے تھے لیکن انہوں نے کھیل کے دوران شاندار واپسی کرتے ہوئے یہ یادگار عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اپنی 39 ویں سالگرہ سے محض 2 دن قبل میسی نے جرمنی کے نامور سٹرائیکر مائیروسلاو کلوز کا 16 گولز کا 12 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا جو کہ 2014 سے قائم تھا۔
میسی اب ورلڈ کپ فائنلز میں 17 گولز کے ساتھ مردوں کی تاریخ کے سب سے کامیاب سٹرائیکر بن گئے ہیں جبکہ وہ اب تک اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر 115 گولز سکور کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ برازیل کی خاتون فٹ بالر مارٹا کے پاس ہے جنہوں نے 17 گولز کر رکھے ہیں اور میسی اب مردوں اور خواتین کی تاریخ میں مشترکہ طور پر سب سے اوپر آگئے ہیں۔
ارجنٹائن کے منیجر لیونل اسکالونی نے میسی کے اس کارنامے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فٹ بال کی تاریخ میں ان جیسا کوئی دوسرا کھلاڑی نہیں آیا اور وہ اب بھی دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔
لیونل میسی فٹ بال ورلڈکپ میں سب سے زیادہ گول کرنیوالے کھلاڑی



















