صدر، وزیراعظم کی گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت کی شفاف تحقیقات کی ہدایت

اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے خاتون کے تحفظ کیلئے قربانی کو جرات، فرض شناسی اور قومی خدمت کی روشن مثال قرار دیدیا۔

صدر آصف علی زرداری نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خاتون کے تحفظ کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنا اعلیٰ انسانی اقدار اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کی اہم شاہراہ پر پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے واقعات کے مکمل سدباب کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خاتون کی جان و عزت کے تحفظ کیلئے اپنی جان قربان کی اور بے مثال جرات، بہادری اور فرض شناسی کی مثال قائم کی۔ وزیراعظم نے شہید کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار کو قانون کے مطابق سخت سزا دلانے کی بھی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے بہادر افسر عاصم طارق خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئے، واقعہ اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ کی حدود میں شاہین چوک پر پیش آیا۔