کفایت شعاری سے ہونیوالی بچت عوامی ریلیف پر استعمال ہوگی: وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کفایت شعاری سے ہونیوالی بچت عوامی ریلیف پر استعمال ہوگی۔

شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پالیسی ،بچت اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت و اثرات پر گفتگو ہوئی،اجلاس کو بتایا گیا حکومتی بچت اقدامات سے حاصل شدہ رقوم کو موجودہ حالات میں عوامی ریلیف کیلئے استعمال کیا جائےگا، تمام کفایت شعاری کے اقدامات سے کی گئی بچت عوامی ریلیف کےلئے ہی استعمال ہو گی، سرکاری ملازمین کی طرح ریاستی ملکیتی اداروں اور حکومتی سرپرستی میں خودمختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں سے درجہ بہ درجہ 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی ہوگی،کارپوریشنز اور دیگر ادارے جن کے بورڈز میں حکومتی نمائندے موجود ہیں وہ حکومتی نمائندے بورڈ میں شرکت کی فیس نہیں لیں گے ، فیس کو بچت کی رقم میں شامل کیا جائےگا۔

وزیر اعظم نے دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی سفارتخانوں کو 23 مارچ کی تقریبات کو انتہائی سادگی سے منانے کی ہدایت کی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا قانون نافذ کرنےوالے اداروں اور ایف بی آر پر ہفتہ وار 4 دنوں کا اطلاق نہیں ہوگا، اپنے پرانے طریقہ کار کے مطابق فرائض سرانجام دیں گے،آئندہ 2 ماہ تمام محکموں کی سرکاری گاڑیوں کو ملنے والے تیل میں 50 فیصد کٹوتی اور سرکاری گاڑیوں کے 60 فیصد گراونڈ کئے جانے کے فیصلے کے حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔

اجلاس کو حکومت کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی اور باقی تمام سرکاری خریداریوں پر پابندی پر عملدرآمد پر بھی بریفنگ دی گئی،اجلاس کو بتایا گیا آئندہ2 ماہ کیلئے کابینہ ارکان، وزراءمشیران اور معاون خصوصی کی تنخواہیں کو بھی بچت کے طور پر عوامی فلاح کےلئے استعمال کیا جائےگا،وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کے بیرونی دوروں پر مکمل پابندی ،ٹیلی کانفرنسنگ اور آن لائن میٹنگز کو ترجیح دینے کے فیصلے کے اطلاق پر اجلاس کو آگاہی دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا سرکاری افسران، وزرا، وزرا مملکت اور معاون خصوصی کے بیرونی دوروں پر مکمل پابندی پر عائد رہے گی، تمام سادگی اور کفایت شعاری کے احکامات و اقدامات پر عمل درآمد اور نگرانی متعلقہ سیکریٹریز خود کریں گے اور روزانہ کی بنیاد پر جائزہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں گے۔