راولپنڈی (مشرق نیوز) راولپنڈی میں ایران، امریکہ جنگ بندی سے متعلق امن مذاکرات کے پیش نظر ہر قسم کی پرائیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ تاحکم ثانی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شہر میں غیر معمولی حفاظتی اقدامات نافذ کر دئیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اڈے، گڈز ٹرانسپورٹ، پرائیویٹ رینٹ اے کار سروسز بھی تاحکم ثانی بند رہیں گی، جبکہ وی وی آئی پی روٹس پر آنے والی مارکیٹس، گلیاں، مری روڈ، فیض آباد، کمرشل مارکیٹس اور دیگر کاروباری مراکز بھی مخصوص اوقات میں بند رکھے جا رہے ہیں۔ روٹ پر واقع شادی ہالز کو بھی بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سید خالد محمود ہمدانی کے احکامات پر راولپنڈی پولیس کے 10 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں جبکہ 600 سے زائد خصوصی پکٹس قائم کر کے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور دیگر کوئیک رسپانس یونٹس گشت پر مامور ہیں جبکہ تربیت یافتہ سنائپرز اور ایلیٹ کمانڈوز بھی حساس مقامات پر تعینات کئے گئے ہیں۔ شہر بھر میں سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی جاری ہے۔
حساس تنصیبات، اہم سرکاری و نجی مقامات اور قیام گاہوں کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل اور شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ سید خالد محمود ہمدانی کا کہنا ہے کہ فول پروف سکیورٹی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
امن مذاکرات، سکیورٹی ہائی الرٹ، کاروباری مراکز بند، ہر قسم کی ٹریفک معطل


















