حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہیں،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم نے حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کےلئے تیار رہنے کاحکم دےدیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر جائزہ اجلاس ہوا ،کفایت شعاری ،بچت اقدامات پر عملدرآمد کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ دی گئی وزیر اعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،انٹیلی جنس بیورو تمام اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی رپورٹ پیش کرے گی،ملک میں پٹرولیم مصنوعات کا ضروریات کے مطابق مناسب ذخیرہ موجود ہے،وزیراعظم نے کہا پٹرولیم درآمدات کی سپلائی چین بہتر بنانے کیلئے وزیر پٹرولیم مزید متحرک ہوں،حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا تمام صورتحال کی نگرانی ،پٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جارہا ہے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہوسکے ،تمام کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طورپر تنخواہیں نہیں لیں، سرکاری محکموں کی تیل کٹوتی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، بچت اقدامات سے موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے سرکاری ای آفس کی سہولت فراہم کرنے کےلئے خصوصی کنیکٹیویٹی کے انتظامات کرلیے۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزرات قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، پی اے آر سی کے امور پر اجلاس میں پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی ) کی تنظیم نو کی اصولی منظوری دےدی گئی،وزیراعظم نے کہاٹائم لائن کےساتھ پی اے آر سی کی تنظیم نو کا جامع پلان تیار چین کی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز (CAAS) کے طرز پراعلیٰ تحقیقاتی ادارہ بنایاجائے،زرعی تحقیق کا ملکی زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،تاریخی آئینی ریفرنڈم میںکامیابی پر مبارکباد دی۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے کہا نئے آئین کےلئے زبردست ٹرن آوٹ ،حمایت قازقستانی عوام کے صدر توکایف کی دور اندیش قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے،اصلاحات قازقستان میں نظم و نسق، ادارہ جاتی استحکام ،قومی ترقی کو مزید مستحکم کریں گی۔

شہبازشریف نے گزشتہ ماہ صدر توکایف کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے یقین دلایا دورے کے دوران کیے گئے فیصلوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنا رہا ہے،دونوں فریق جلد ہی مجوزہ ایم او یوز اور معاہدوں پر نتیجہ خیز عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے ملاقات کریں گے۔

صدر توکائف نے وزیراعظم کو رواں سال کے آخر میں قازقستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دہرائی جسے وزیر اعظم نے قبول کر لیا گیا، دونوں رہنماوں نے علاقائی پیشرفت بالخصوص افغانستان کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ،عید کی پیشگی مبارکباد اور مسلسل امن، ترقی و خوشحالی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔