پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ لاہور سے گرفتار

لاہور،اسلام آباد: (کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ)پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ کو لاہور میں رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا، عالیہ حمزہ لاہور میں فیملی سے ملاقات کیلئے آئی تھیں پولیس نے حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ،حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا،عالیہ حمزہ 9 مئی کے مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہیں۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماوں کو 21 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دےدیا، اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنماوں کےخلاف 26 نومبر، سنگجانی جلسہ اور سپریم کورٹ کے باہر احتجاج سمیت دیگر مقدمات کی سماعت کی،سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی، روف حسن اور اعظم سواتی سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنماوں کی 230 سے زائد ضمانت کی درخواستوں میں توسیع کرتے ہوئے 21 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا، عدالت کی جانب سے کیسز میں فریقین کو اگلی سماعت پر حتمی دلائل دینے کی ہدایت جاری کی گئی۔