معرکہ مئی میں دشمن پاکستان کی طاقت ،ہنرمندی دیکھ کر دنگ رہ گیا،ائیر چیف


ایبٹ آباد:(بیورورپورٹ) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پی ایم اے لانگ کورس و ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس کی پروقار پاسنگ آوٹ پریڈ کاانعقاد کیا گیا۔

مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل ظہیر بابر نے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا،کیڈٹس نے بارش میں بھی پریڈ جاری رکھی،72ویں انٹگریٹڈ کورس،15ویں مجاہد کورس اور27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی تکمیل ہوئی،پاس آوٹ ہونے والے 30 کیڈٹس دوست ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سندھو نے کہا پاکستان مذاکرات پر یقین رکھنے والا پرامن ملک ہے، مقبوضہ کشمیر کے باشندوں کی حمایت جاری رکھےں گے، معرکہ حق،بنیان المرصوص میں پاکستان آرمی کی حکمت عملی دنیا نے دیکھی، پاکستان ایئرفورس نے نہ صرف دشمن کے جہازگرائے بلکہ تاریخ رقم کی، دشمن پاکستان کی طاقت ،ہنرمندی دیکھ کردنگ رہ گیا۔

ایئر چیف نے کہا کسی بھی جارحیت پرریکارڈ وقت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائےگا،مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ قرار دادوں اور عوامی امنگوں کے مطابق حل کرایا جائے۔