بنوں (مشرق نیوز) سکیورٹی فورسز نے بنوں میں آپریشن کر کے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب رنگ لیڈر سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہو گئے، ہلاک خوارج سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ہلاک خوارج میں خوارجی رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے، خارجی رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا، خوارجی رنگ لیڈر وحید اللہ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خارجی رنگ لیڈر سکیورٹی فورسز اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں میں ملوث تھا، خارجی لیڈر وحید 21 فروری 2026 کو بنوں میں خودکش حملے کا مرکزی سہولت کار بھی تھا، بنوں حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے آپریشن کے ذریعے اس گھناونے فعل کا بدلہ لیکر مرکزی مجرم کو انجام تک پہنچایا گیا، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ایک بڑے سانحہ کو بھی ناکام بنایا، کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، انتہائی مطلوب خارجی لیڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک


















