اپنا کھیت اپنا روزگار سے 88 ہزار خاندانوں کو زمین 10 سالہ لیز پر دی جائیگی: عظمیٰ بخاری

لاہور (مشرق نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی زراعت و معیشت کیلئے اپنا کھیت اپنا روزگار بہترین پروگرام ہے، سکیم کے تحت زمین 10 سالہ لیز پر دی جائے گی، 88 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جن کا مقصد صوبے کی معیشت اور زرعی شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے دورِ حکومت میں پنجاب کے اندر مختلف شعبوں میں نمایاں اور مثالی اقدامات کیے گئے ہیں، ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام حکومت کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کے تحت بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنایا جائیگا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اس منصوبے کے تحت تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین 10 سالہ لیز پر دی جائیگی جس سے 88 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوں گے، یہ زمین صرف کاشتکاری کیلئے استعمال ہوگی جبکہ کاشتکاروں کو رہنمائی بھی فراہم کی جائیگی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں گندم کی پیداوار مقررہ ہدف سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، جو زرعی پالیسیوں کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا ہے لیز پر دی جانے والی زمینوں کیلئے اب تک 900 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ کسانوں کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زمین فراہم کی جا رہی ہے، بعض مقامات پر ایک سے پانچ ایکڑ تک زمین دی جا رہی ہے، ساتھ ہی 50 ہزار روپے ون ٹائم گرانٹ بھی دی جائیگی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کسان کارڈ اور گرین ٹریکٹرز جیسے اقدامات بھی زرعی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فلم سٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کیلئے 50 ایکڑ زمین فراہم کی جا چکی ہے، اس منصوبے میں جدید سٹوڈیوز اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔ مزید برآں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔