پاکستان کا امن مشن، جے ڈی وینس وفد کیساتھ پاکستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

اسلام آباد (مشرق نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح امریکی وفد اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد میں خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔

امریکی وفد کا استقبال نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے امریکی نائب صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے اور دنیا میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کیلئے امریکہ کے عزم کو سراہا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کیلئے فریقین کی سہولت کاری جاری رکھے گا۔