اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان نے سنگاپور سے پاکستانی، ایرانی ملاحوں کی محفوظ واپسی میں تعاون مانگ لیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستانی و ایرانی ملاحوں کی واپسی کےلئے سنگاپور ،ایرانی وزرائے خارجہ سے رابطہ کرکے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے کہاسنگاپور کے وزیر خارجہ سے جہازوں پر سوار 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کردی، امریکہ کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جہاز سنگاپور کے قریب سمندری حدود میں موجود ہیں،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی معاملے پر قریبی رابطے میں ہیں، ضرورت پڑی تو پاکستان ایرانی شہریوں کی ملکی سرزمین کے ذریعے محفوظ واپسی میں بھی مدد فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔
نائب وزیراعظم نے سنگاپور کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا دفتر خارجہ و دیگر متعلقہ ادارے امریکی حکام اور بین الاقوامی شراکت داروں کےساتھ ملکر پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور جلد وطن واپسی یقینی بنانے کےلئے قریبی رابطے میں ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن ،استحکام کے فروغ، خصوصاً امریکہ ،ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کیلئے اسلام آباد کی کوششوں کو سراہا،دونوں فریقوں نے بحری سلامتی کے امور ، بین الاقوامی سمندری حدود میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا اورقریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ضبط کیے گئے جہازوں سے ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے اورمسلسل سفارتی و انسانی ہمدردی پر مبنی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
سنگاپور پاکستانی، ایرانی ملاحوں کی محفوظ واپسی میں تعاون کرے،اسحاق ڈار



















