تہران،واشنگٹن،بغداد،ریاض:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)جنگ کادائرہ وسیع،امریکہ ،سعودیہ کے عراق میں ایران نواز ملیشیاوں کے ٹھکانوں پرحملے،فورسز کے20 اہلکارہلاک،30سے زائد زخمی ہوگئے۔
سینٹ کام نے کہاسعودی عرب کی افواج کےساتھ ملکر عراق میں ایران نواز گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا،گروہوں نے پاسداران انقلاب کی ہدایات پر امریکی افواج اور سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تھا،امریکی و سعودی لڑاکا طیاروں نے 72 گھنٹوں کے دوران مشرقی عراق میں دہشتگردوں کے متعدد لاجسٹک ، اسلحہ ذخائر کو نشانہ بنایا ،حملے آئی آر جی سی کی ہدایت پر کیے گئے 30سے زائد فضائی ڈرون حملوں کے جواب میں کیے۔
سعودی وزارت دفاع نے کہا کارروائی تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کے جواب میں امریکی سینٹرل کمانڈ کےساتھ مل کرکی گئی،سعودی عرب مزید کشیدگی نہیں چاہتا تاہم مستقبل میں مزید حملے کیے گئے تو اپنی خود مختاری، شہریوں ،قومی اثاثوں کے تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات کرنے سے گریز نہیں کرینگے۔
عراقی پاپولر موبلائزیشن فورسز نے دعویٰ کیا امریکہ ،سعودی عرب کے فضائی حملوں میں 20 اہلکار ہلاک، 32 سے زائد زخمی ہوگئے،حملے بغداد، واسط، نینویٰ، بصرہ، کرکوک، کربلا اور دیالیٰ سمیت سات صوبوں میں کئے گئے،ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، عمارتوں، فوجی گاڑیوں ،عسکری سازوسامان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
عراق میں ایرانی حمایت یافتہ مسلح تنظیم نے کہاحملوں کے بعد امریکہ ،سعودی عرب کو نتائج بھگتنا ہوں گے،امریکی ،سعودی افواج کو بھاری قیمت چکانا ہوگی،عراقی حکومت نے کہاامریکی و سعودی افواج کے عراق میں پاپولر موبیلائزیشن فورسز پر حملوں اورملکی سرزمین کو ہمسایہ ممالک پر حملوں میں استعمال کرنے کو مستردکرتے ہیں۔
ادھر ایران نے امریکہ ،سعودی حملوں کوعراق کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کےخلاف کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہامہلک حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اورامریکہ ،اسرائیل جنگ کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی خواہش کا حصہ ہیں۔
دریں اثنا یران نے آبنائے ہرمز کے مشترکہ علاقائی انتظام کی عمانی تجویز مستردکردی،سینئر ایرانی عہدیدار نے کہا منصوبے کے کامیاب ہونے کے امکانات نہیں ، آبنائے ہرمز کا انتظام ایران ،عمان کو اپنے اپنے زیر کنٹرول علاقوں کی بنیاد پر کرنا چاہیے،ایران عمان کو قریبی و اہم ہمسایہ اور ثالث کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان 50، 50 فیصد کنٹرول کا ماڈل ایرانی مفادات کے مطابق نہیں۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا امریکی مفادات پر کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا،امریکی فوج پر بیلسٹک میزائل حملے کی کوشش ناکام بنا دی اور متعدد ایرانی میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیئے۔
فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم امریکی دفاعی نظام نے کوشش کو ناکام بنا دیا،ایران پر سخت حملہ کیا جائے گا اور امریکہ اپنے مفادات کے تحفظ کےلئے ہر ضروری اقدام کرے گا،عراق میں ایرانی حمایت یافتہ گروہ نیا کینسر ہیں،سعودی عرب اور امریکہ نے ملکر خاتمے کی کوشش کی ۔
جنگ کادائرہ وسیع،امریکہ ،سعودیہ کے عراق میں حملے،فورسز کے 20اہلکار ہلاک



















