راولپنڈی (مشرق نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے شفاءتعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی معلوماتی نشست کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آرکی شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی آمد پراساتذہ، فیکلٹی ممبران اورطلبہ نے پرتپاک استقبال کیا، انہوں نے قومی سلامتی کے امور بشمول انسداد دہشت گردی اور انفارمیشن وار فیئر پر تفصیلی گفتگو کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے خصوصی سیشن کے دوران طلبہ کےسوالات کے تفصیلی اور مدلل جوابات دئیے۔ خصوصی نشست کے بعدشرکاءکاکہنا تھا کہ اس سیشن میں کئی ابہام دورہوئے اور ذمہ دارانہ سوشل میڈیا استعمال سے متعلق جامع آگاہی حاصل ہوئی۔
شرکاءنے کہا کہ معرکہ حق کی تاریخی فتح نے پاکستان کے وقار اور عالمی تشخص کو مزید مستحکم اور بلند کیا، دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کوجعلی خبروں، منفی پروپیگنڈے اور ہائبرڈ وارفیئر کے خطرات سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے، سوشل میڈیا پر کسی بھی خبر یا معلومات کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی حقیقت اور مستند ذرائع سے تصدیق ناگزیر ہے۔
وائس چانسلرشفاءتعمیرملت یونیورسٹی ڈاکٹر اقبال خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو پاکستان کے استحکام اورسلامتی کیلئے مثبت کردارادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر اساتذہ اور طلبہ نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظرمسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا، مختلف شہروں، بالخصوص وزیرستان کے طلبہ نے خصوصی نشست کو مثبت اور موثر پیشرفت قرار دیتے ہوئے بھرپور انداز میں سراہا۔
معرکہ حق کی تاریخی فتح نے ملکی وقار کو مزید بلند کیا: ڈی جی آئی ایس پی آر



















