لاہور(نمائندہ خصوصی )نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام پاکستان ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج میں 124ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ریکٹر این ایس پی پی فرحان عزیز خواجہ نے اپنے خطاب میں شرکاءکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 124ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے افسران سمیت تمام پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ موجودہ عالمی امن عمل میں پاکستان نے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایس پی پی میں گریڈ 21 اور 22 کے افسران کو دی جانے والی تربیت ملک میں موثر حکمرانی، پالیسی سازی اور قومی سطح پر بہتر فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہی تربیت یافتہ افسران پاکستان کو اس مقام تک لانے میں نمایاں حصہ رکھتے ہیں۔ڈاکٹر مصدق ملک نے اپنے خطاب میں سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ فیصلہ سازی میں شواہد پر مبنی طریقہ کار اپنائیں اور عوامی فلاح کو اپنی ترجیحات کا مرکز بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس ملک کا ایک باصلاحیت ادارہ ہے جہاں مختلف تجربات اور مہارتوں کے حامل افسران قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ فارغ التحصیل افسران کے پاس ایسے فیصلے کرنے کا موقع ہے جو حکمرانی کے نظام اور عوامی بہبود میں نمایاں بہتری لا سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے قدرتی آفات کے دوران سول سروس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں افسران نے امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں میں قابل قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی پیشرفت کو قابل تحسین قرار دیا تاہم انسانی ترقی کے شعبے میں کم شرح تعلیم، صاف پانی کی عدم دستیابی اور صحت کے کمزور اشاریوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ طریقہ کار کے بجائے نتائج پر توجہ دیں اور رائے کی بجائے شواہد کی بنیاد پر فیصلے کریں۔ڈاکٹر مصدق ملک نے جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت، کو حکمرانی اور پالیسی سازی کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے افسران کو جدید آلات سے خود کو آراستہ کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اپنے اختتامی کلمات میں افسران کو جرات، دیانت داری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی نصیحت کی اور کہا کہ بامعنی اصلاحات اور بہتر عوامی خدمات مضبوط قیادت اور عزم سے ہی ممکن ہیں۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کامیاب افسران میں اسناد تقسیم کیں۔ 124ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے تحت مجموعی طور پر 46 افسران نے گریجویشن مکمل کی۔ اس موقع پر سابق ریکٹرز ڈاکٹر جمیل آفاقی، اسماعیل قریشی اور خالد محمود، ڈین نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی ڈاکٹر نوید الٰہی کے علاوہ افسران کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
سرکاری افسران فیصلہ سازی میں شواہد پر مبنی طریقہ کار اپنائیں : ڈاکٹر مصدق ملک


















