لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک سے متعلق اعلیٰ پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ ذرائع کے مطابق سی سی ڈی نے بھی انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک سے متعلق باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔
ملزمہ پنکی کے مبینہ شوہر سابق پولیس انسپکٹر رانا اکرام کو بھی طلب کر لیا گیا ہے، سی سی ڈی سابق پولیس انسپکٹر سے کیس کے بارے میں پوچھ گچھ کریگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں درج مقدمے میں پنکی کی طلبی کرا کے ملزمہ کو لاہور بھی لایا جائے گا، کوٹ لکھپت میں درج مقدمے میں ملزمہ کو اشتہاری نہیں کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے گرفتار منشیات فروش خاتون انمول پنکی کے بھائی کے خلاف لاہور میں مقدمہ سامنے آیا تھا۔ لاہور پولیس کے مطابق 2022ءمیں تھانہ کوٹ لکھپت میں ریاض بلوچ پر منشیات کی برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزم ریاض بلوچ نے بتایا تھا کہ فرار ہونے والی اس کی بہن انمول عرف پنکی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک لگڑری گاڑی پر لڑکا اور لڑکی منشیات فروخت کرنے شاداب کالونی آ رہے تھے، گاڑی رکی تو ایک لڑکا منشیات دینے کی غرض سے نیچے اترا، اہلکاروں نے لڑکے کو قابو کر لیا، لڑکی گاڑی سپیڈ میں چلا کر نکل گئی تھی۔
انمول پنکی نیٹ ورک، وزیراعلیٰ پنجاب نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی



















