واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج قومی سلامتی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں ایران کیخلاف جنگ پھر سے شروع کرنے پر غور کیا جائیگا۔ امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق حالیہ مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کے بعد واشنگٹن میں یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ ایران جوہری پروگرام کے معاملے پر خاطر خواہ لچک دکھانے کیلئے تیار نہیں، اسی تناظر میں امریکی انتظامیہ دباو بڑھانے کے نئے طریقوں پر غور کررہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ بظاہر کسی بڑے تصادم سے گریز چاہتے ہیں اور وہ ایک ایسے معاہدے کے خواہاں ہیں جو ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کر سکے تاہم امریکی مطالبات مسترد ہونے کے بعد وائٹ ہاوس میں عسکری آپشنز دوبارہ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف، وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ، سی آئی اے کے سربراہ جان ریٹکلیف اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین کے شرکت کرنےکا امکان ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کسی قسم کے فوجی ایکشن کی جانب مائل ہو رہے ہیں تاکہ ایران پر دباو بڑھایا جائے اور نیوکلیئر پروگرام پر رعایتیں حاصل کی جائیں۔
امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زیر غور تجاویز میں آبنائے ہرمز میں بحری نگرانی کے مشن کو دوبارہ فعال کرنا بھی شامل ہے جبکہ ایران کے ان اہداف پر حملوں کی تجویز بھی زیر غور ہے جن کی نشاندہی پہلے ہی کی جا چکی ہے مگر اب تک کارروائی نہیں ہوئی۔
دوسری جانب اسرائیلی قیادت بھی واشنگٹن پر دباو ڈال رہی ہے کہ ایران کے افزودہ یورینیم ذخائر کو غیر موثر بنانے کیلئے خصوصی آپریشن پر غور کیا جائے تاہم امریکی صدر اس منصوبے کے ممکنہ خطرات کے باعث محتاط دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران سے متعلق امریکی فیصلوں پر صدر ٹرمپ کے متوقع دورہ چین کے ممکنہ اثرات کو بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ واشنگٹن خطے میں کسی بڑے بحران سے پہلے عالمی سفارتی توازن کو مدنظر رکھنا چاہتا ہے۔
قبل ازیں صدر ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکےہیں کہ جنگ بندی لائف سپورٹ پر ہے، وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ایران کے نیوکلیئر ذرات صرف امریکہ اور چین ہی بازیافت کرسکتے ہیں کیونکہ صرف انہی دو ملکوں کے پاس اس بات کی صلاحیت موجود ہے، ٹرمپ ایران کی نئی تجاویز کو احمقانہ قرار دیکر مسترد کر چکے ہیں۔
مذاکرات یا جنگ؟ ٹرمپ نے ایران معاملے پر قومی سلامتی اجلاس طلب کرلیا



















