لاہور (قاضی ندیم اقبال/ عکاسی: میاں شاہنواز) داتا دربار توسیعی منصوبے کے تحت داتا دربار کے گردونواح میں واقع سڑکوں اور دکانوں، تجارتی مراکز کی تزئین و آرائش کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس سے نہ صرف زائرین کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے کی مجموعی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد داتا دربار آنے والے لاکھوں زائرین کو سہولت فراہم کرنا اور اردگرد کے علاقوں میں ٹریفک کے مسائل کو کم کرنا ہے۔ اس کیلئے سڑکوں کو کشادہ کیا جا رہا ہے، فٹ پاتھوں کی ازسر نو تعمیر کی جا رہی ہے اور جدید طرز کی سٹریٹ لائٹس نصب کی جا رہی ہیں تاکہ رات کے اوقات میں بھی روشنی کا مناسب انتظام ہو سکے۔ سڑکوں کے اطراف میں خوبصورت گرین بیلٹس، پودے اور آرائشی عناصر شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ ماحول خوشگوار اور دلکش نظر آئے۔یہ تمام کام 6.3ارب روپے کی لاگت کے حامل داتا دربار توسیعی پراجیکٹ کا حصہ ہیں، اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ ایجنسی (ٹیپا) بھرپور انداز میں سرگرم ہے اور بیوٹیفکیشن کا کام تیزی سے جاری رکھا ہوا ہے۔”مشرق“ ٹیم نے داتا دربار توسیعی منصوبہ کے معاملات کا جائزہ لینے کے لئے سائٹ کا وزٹ کیا۔دوران سروے پراجیکٹ ڈائریکٹوریٹ اوقاف، داتا دربار انتظامیہ اور ٹیپا حکام نے موقف اختیار کیا کہ جاری منصوبے کے تحت نہ صرف انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ علاقے کی کمرشل سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ اسی سلسلے میں ایک ہی ماڈل کے تحت دکانوں کی آرائش کا عمل بھی جاری ہے، جس سے پورے علاقے میں یکسانیت اور نظم و ضبط پیدا ہوگا۔ دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے فرنٹ کو مخصوص ڈیزائن کے مطابق تیار کریں تاکہ ایک مربوط اور جدید طرز کا تجارتی ماحول تشکیل دیا جا سکے۔حکام کی جانب سے منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس کیلئے مختلف مراحل میں کام جاری ہے اور ہر مرحلے کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ مزید برآں سکیورٹی کے انتظامات کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ کام کے دوران عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔شہری منصوبہ بندی کے ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے منصوبے نہ صرف شہری ڈھانچے کو بہتر بناتے ہیں بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ داتا دربار چونکہ ایک اہم مذہبی اور تاریخی مقام ہے، اس لئے یہاں آنے والے زائرین کیلئے جدید سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت تھی۔مجموعی طور پر داتا دربار توسیعی منصوبہ شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی بہتری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اگر یہ منصوبہ کامیابی سے مکمل ہو جاتا ہے تو یہ لاہور کے دیگر علاقوں کیلئے بھی ایک مثالی ماڈل ثابت ہو سکتا ہے، جہاں اسی طرز پر ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کے منصوبے متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔”مشرق“ کے استفسار پر سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ داتا دربار جیسے اہم مذہبی مقام کے اطراف میں صفائی، کشادگی اور خوبصورتی نہایت ضروری ہے۔ ٹریفک حکام کی معاونت سے اس منصوبے کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کو بھی بہتر بنایا جائے گاتاکہ رش کے اوقات میں گاڑیوں کی روانی برقرار رہ سکے۔سائٹ پر کام کرنے والے ٹیپا حکام کے مطابق پیدل چلنے والوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے راستوں کی تعمیر اور زائرین کو خریداری سمیت تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کا عزم جدید شہری منصوبہ بندی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کا ایک اہم حصہ ہے۔جس کے تحت پیدل چلنے والوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے راستے بنائے جا رہے ہیں تاکہ محفوظ اور کشادہ فٹ پاتھ: فٹ پاتھوں کی چوڑائی مناسب رکھتے ہوئے ہجوم کے وقت بھی پیدل چلنے والوں کو دشواری نہ ہو۔بغیر رکاوٹ راستے: فٹ پاتھوں کو تجاوزات، پارک کی گئی گاڑیوں، اور کھمبوں سے پاک رکھنا اولین ترجیح ہے۔اسی طرح معذور افراد کیلئے خصوصی انتظامات: وہیل چیئر کے استعمال کرنے والوں اور معذور افراد کیلئے ریمپ اور رہنمائی کرنے والی ٹیکٹائل پیونگ کی تنصیب کو فوکس کیا جا رہا ہے جبکہ سایہ دار اور خوبصورت ماحول: راستوں کے کنارے درخت اور سبزہ لگائے جا رہے ہیںتاکہ ماحول خوشگوار رہے اور چلنے والوں کو گرمی سے تحفظ ملے۔اسی طرح جدید زیبرا کراسنگ: پیدل چلنے والوں کیلئے مخصوص زیبرا کراسنگ اور اوور ہیڈ برج کا قیام اولین ترجیح بنائی گئی ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ بیوٹیفیکیشن آف سرونڈنگ داتا دربار منصوبے کے تحت مزار حضرت سید علی بن عثمان الہجویری پر عقیدت کے پھول نچھاور کرنے والے زائرین کیلئے لنگر سمیت اشیاءکی خریداری کے حوالے سے معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہولیات سے آراستہ تجارتی علاقے بنائے جا رہے ہیں تاکہ مقدس مقام کے قریب شاپنگ ایریاز میں زائرین آسانی سے خریداری کر سکیں۔زائرین کی حفاظت اور آرام کے تناظر میں ان کی سیکیورٹی اور سکون کو یقینی بنانا بھی مستقبل کے پلانز کا حصہ ہے۔منظم زائرین کیلئے آمد و رفت کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔اس ضمن میں ”مشرق“ کے رابطہ پر ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان نے کہا کہ جب علاقے کا مجموعی ماحول خوبصورت اور منظم ہوگا تو نہ صرف زائرین کی تعداد میں اضافہ ہو گا، بلکہ مقامی خریدار بالخصوص باہر سے آنے والے زائرین بھی خریداری میں دلچسپی لیں گے جس سے معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔
داتا دربار توسیعی منصوبہ، گردونواح میں واقع سڑکوں ، دکانوں، تجارتی مراکز کی تزئین و آرائش کا آغاز


















