کراچی (مشرق نیوز) پی ایس ایل 11 کے کوالیفائر کیلئے ٹکٹ خریدنے کی کوشش کرنے والے رل گئے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی کے سامنے چائنہ گراونڈ میں ہزاروں افراد ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے سرگرداں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے کوالیفائر میچ کیلئے متعلقہ ادارے کے تحت فزیکل ٹکٹ فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ موقع پر موجود کرکٹ کے مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ صبح 8 بجے ہی چائنہ گراونڈ پہنچ گئے تھے۔
متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے صبح 10 بجے ٹکٹ کی فروخت کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا تاہم مقررہ وقت گزر جانے کے باوجود متعلقہ ادارے کے باکس آفس پر کوئی فرد موجود نہیں ہے۔ میچ دیکھنے کے خواہشمندوں کو ٹکٹ ہنوز دستیاب نہیں ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کو متعلقہ حکام تک پہنچا دیا گیا ہے، حکام نے ٹکٹس کی جلد فراہمی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ واضح رہے کہ کوالیفائرمیچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔
پی ایس ایل کوالیفائر،ٹکٹ لینے کی کوشش کرنیوالے رل گئے


















