ساہیوال (بیورو رپورٹ) ساہیوال انتظامیہ کا لینڈ مافیا کے خلاف بڑا ایکشن،درجنوں غیر قانونی ہاوسنگ سکیمیں مسمار۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کے عملے نے غیر قانونی کالونیوں کے دفاتر، گیٹ اور چار دیواریاں گرا دیں ۔اس موقع پر کمشنر ساہیوا ل ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ سادہ لوح عوام سے فراڈ کرنے والی کالونیوں کی اب خیر نہیں۔تفصیلات کے مطابق کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے شہر میں غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں اور زمینوں پر غیر قانونی قبضے و فروخت کے خلاف ایک بھرپور آپریشن کیا ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق نے میونسپل آفیسر (پلاننگ) اعجاز احمد خان، انچارج پلاننگ برانچ مسعود احمد مدنی اور بلڈنگ انسپکٹرز بلال، ثقلین رضا وڈائچ شیخ عمر انفورسمنٹ انسپکٹر شہروز عمر گجر انفورسمنٹ انسپکٹر کے ہمراہ بھاری مشینری کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے شہر کی متعدد غیر قانونی کالونیوں کے ڈھانچے مسمار کر دئیے۔انتظامیہ نے الحرم سٹی ABCبلاک الحرم فیز 3 رشید بلاک جتالہ ایونیو مریم سٹی آمنہ سٹی کچا نور شاہ روڈ 85/6Rابراھیم گارڈن 82/6R غیر رجسٹرڈ کالونیوں کے خلاف ایکشن لیا۔ یہ کالونیاں نہ صرف غیر قانونی طور پر قائم کی گئی تھیں بلکہ شہریوں کو پلاٹوں کی خرید و فروخت کا جھانسہ دے کر بڑے پیمانے پر مالی دھوکہ دہی اور فراڈ میں بھی ملوث تھیں۔ آپریشن کے دوران ان سکیموں کے فیلڈ دفاتر، مرکزی گیٹ، چار دیواریاں اور راہداریاں مسمار کر دی گئیں۔کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے اس حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام الناس کو لوٹنے اور ان کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کے ذریعے شہریوں کی جمع پونجی ہڑپ کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ''میرے دفتر کے دروازے عوام کیلئے ہر وقت کھلے ہیں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا میری اولین ترجیح ہے۔عوامی حلقوں کی جانب سے انتظامیہ کی اس فوری اور جرات مندانہ کارروائی کو بے حد سراہا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف لینڈ مافیا کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ عام آدمی کی محنت کی کمائی بھی محفوظ رہے گی۔شہریوں نے بروقت کارروائی پر کمشنر ساہیوال اور چیف آفیسر شیخ اشفاق کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عوام سے فراڈ کرنے والی کالونیوں کی اب خیر نہیں: کمشنر ساہیوال، درجنوں غیر قانونی ہاوسنگ سکیمیں مسمار



















