حجاج کرام کی خدمت ،سہولتوں میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے حجاج کرام کی خدمت ،سہولتوں میں کوئی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف سے وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے ملاقات کی ،حج آپریشن کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی،وزیر اعظم نے کہا عازمین حج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں،سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن عازمین کی خدمت اور سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتے،ایئر پورٹ پر تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے ملاقات کی،شہباز شریف نے مون سون کیلئے پیشگی تیاری کرنے اور پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید فعال بنا کر خطرات سے دوچار علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

علاوہ ازیں اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہازراعت میں پراسیسنگ کے شعبوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا درجہ ،صنعتوں کو آسان قرض کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں، چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعت معاشی ترقی اور برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد رکھتی ہے،سمیڈا ،وزارت صنعت کی جانب سے تیار کردہ روڈ میپ اطمینان بخش ہے، معینہ مدت میں قابل حصول اہداف کےساتھ اطلاق کا لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاحکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار ،کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ،عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات میں اضافہ کر رہے ہیں،ہائر ایجوکیشن کمیشن ،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی جامعات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کریں۔

شہبازشریف نے کہا وزیر اعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر توجہ مرکوز کرے ،نوجوانوں کیلئے ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع یقینی ہوں گے،نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے مختلف آسان قرضہ سکیموں کو ایک چھتری تلے لانے، کم آمدن و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کیلئے یوتھ پروگرام وزارت صنعت کےساتھ تعاون کرے۔