کراچی (بیورو رپورٹ) بھارت کےلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش دوسرے سال میں داخل ہوگئی،پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی کی جانب سے جار ی فضائی حدود کی بندش کے نوٹم کے مطابق بھارتی پروازوں کےلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی ہے، بھارتی رجسٹرڈ، لیز، کمرشل اور فوجی طیارے پاکستان میں مزید 1 ماہ داخل نہیں ہو سکتے، بھارت کےلئے پاکستانی فضائی حدود 24 مئی 2026 کو صبح 5 تک بند رہے گی،مزید بر آںپاکستان کے مختلف ائیرپورٹس سے خلیجی ممالک جانے اور آنے والی 45 پروازیں منسوخ ، فضائی آپریشن متاثر ہو گیا،ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں بدلتی صورتحال کے باعث فضائی سرگرمیاں ایک بار پھر متاثر ہونا شروع ہو گئیں،لاہور ائیرپورٹ سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ، بحرین، کویت ، فجیرہ جانے اور آنے والی 9 پروازیں منسوخ کی گئیں، اسلام آباد ائیرپورٹ سے 12، کراچی سے 18 جبکہ پشاور سے 6 پروازیں منسوخ ہوئیں، متحدہ عرب امارات جانے اور آنے والے مسافروں کی تعداد میں اچانک کمی دیکھنے میں آئی ، مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کے باعث پروازیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔
بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش دوسرے سال میں داخل


















