اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،نمائندہ خصوصی)پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ نامنظور،اپوزیشن جماعتیں سیخ پا،پی ٹی آئی کا ہم خیال سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملاکر آل پارٹیز کانفرنس بلانے ،پیپلز پارٹی کا احتجاج کرنے،جماعت اسلامی نے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے پاکستان ویتنام سے بھی آگے نکل گیا ،عوام پر بھاری بوجھ ڈالنا کسی صورت قبول نہیں،معاملے پر اے پی سی بلائیں گے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا حکومت 4سالوں میں معیشت کےلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کرسکی،قیمتیں کم کرنی ہوں تو وزیراعظم خود اعلان کرتے ہیں لیکن اضافے کے وقت سامنے نہیں آتے،حکومت عوام کا سامنا کرنے سے گریز کر رہی ہے،ملکی تاریخ میںپہلے کبھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ نہیں دیکھا گیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف آئندہ ایک 2 روز میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی،مہنگائی کےخلاف احتجاجی مارچ ہوں گے،سیاسی قیادت احتجاج کےلئے تیار ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا پٹرول بم ظلم،حکومت نے غریب و مڈل کلاس کو زندہ درگور کردیا،حکمران اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں،قیمتوں میںضافے سے براہ راست بائیکرز، ڈیلیوری ورکرز، طلبہ و مزدور سمیت سب متاثر ہوں گے، آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کی بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے، ملک بھر میں فوری احتجاجی تحریک شروع کر رہے ہیں، نوجوان باہر نکلیں، حالات بدلنے کیلئے جدوجہد کریں، حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماﺅں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کوعوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہاحکومت نے عام آدمی کو پتھر کے دور میں دھکیل دیا،تازہ فیصلے سے بیروز گاری ، مہنگائی ،کرایوں میں اضافے کا طوفان آئے گا،حکومتی ترجمان بھاری دل کےساتھ قیمتیں بڑھنے کی دلیلیں دیتے نظر آئیں گے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا،شہزاد سعید نے کہا حکومت اپنے پروٹوکول،عیاشیاں ،اخراجات کم کرے،پیپلز پارٹی فیصلے کو مسترد کرتی ہے، حکومت اضافہ فوری واپس لے،فیصلے کیخلاف ایوانوں اور میدانوں میں احتجا ج کرینگے۔
پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ نامنظور،اپوزیشن جماعتیں سیخ پا،احتجاج کا اعلان


















