یو اے ای کو 3.45 ارب ڈالر کی واپسی مکمل ہو گئی: سٹیٹ بینک

کراچی (مشرق نیوز) پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو ڈیپازٹس کی مد میں مزید ایک ارب ڈالر واپس کر دیئے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کو ایک ارب ڈالر ادا کئے گئے، گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کو 2.45 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ ایک ارب ڈالر مزید ادائیگی کے بعد یو اے ای کو مجموعی 3.45 ارب ڈالر کی واپسی مکمل ہو گئی، قرض ادائیگی سے بیرونی مالی ذمہ داریوں میں کمی ہوئی۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے بروقت ادائیگی مالی نظم و ضبط کے عزم کا اظہار ہے۔

خیال رہے کہ سٹیٹ بینک سے جاری اعدادوشمار کے مطابق زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 1.80 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سٹیٹ بینک کے ذخائر 17 اپریل تک بڑھ کر 15ارب 9 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ہوگئے۔ اعدادو شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر بھی 8.60 کروڑ ڈالر بڑھ کر 5.53 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

مرکزی بینک نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 10.40کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اس ہفتے سعودی عرب نے ایک ارب ڈالرز جمع کرائے جبکہ اس ہفتے یو اے ای کو 1 ارب ڈالرز کی ادائیگی کی گئی، یہ اعداد آئندہ ہفتے کے ڈیپازٹس میں شامل ہوں گے۔