PSLکی دھوم،تاریخی نیلامی،2نئی ٹیمیں شامل، حیدرآباد175،سیالکوٹ 185کروڑ میں فروخت

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،سپورٹس رپورٹر)PSLکی دھوم،2نئی ٹیمیں شامل،حیدرآباد175،سیالکوٹ 185کروڑ میںفروخت،خریداروں میں ایف کے ایس گروپ،اوزی ڈیولپرز شامل ہیں۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونیوالی رنگارنگ نیلامی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ،وفاقی وزرا سمیت بڑی تعداد میں کھلاڑیوں ،حکام نے شرکت کی،تقریب کے آغاز پر نیلامی میں حصہ لینے والے 9 بڈرز ، 6 ممکنہ شہروں کا تعارف کرایا گیا پھر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گھنٹی بجا کر نیلامی کھلنے کا باضابطہ اعلان کیا ۔

میزبانی کے فرائض سلمان نصیر، وسیم اکرم اور سدرہ اقبال نے سر انجام دئیے،نیلامی کے عمل میں ایس کے ایس، او زی ڈویلپرز، آئی ٹو سی،ایم نیکسٹ، جاز، انورکس سولر انجری، پریزم ڈویلپرز، وی گول ٹلی ، ولی ٹیکنالوجیز نے حصہ لیا۔

بولی کا آغاز 110 کروڑ سے ہوا،ایف کے ایس نے 175 کروڑ کی بولی لگا کر پی ایس ایل کی 7ویں ٹیم خرید ی اورنام حیدرآباد چن لیا،8 ویں ٹیم کیلئے خوب مقابلہ ہوا ،اوزی ڈیولپرز نے ٹیم 185 کروڑ میں خرید لی اور سیالکوٹ شہر کا نام منتخب کیا،دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 3ارب 60کروڑ میں فروخت ہوئیں،حیدرآباد ،سیالکوٹ کی شمولیت سے پی ایس ایل میںٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی ،دونوں نئی ٹیموں کو مالکانہ حقوق 10 سال کیلئے دئیے گئے ،پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا آغاز 26مارچ ،اختتام3 مئی کوہو گا۔

قبل ازیں تقریب کے آغاز پرحالیہ ٹورنامنٹس میں کامیابیوں پر پاکستان شاہینز ، ہانگ کانگ سکسز کی ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فاتح ٹیموں کو انعامات دئیے،ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح پاکستانی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ ،رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کو 9 کروڑ کی انعامی رقم دی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا لیگ کی ایک دہائی چیلنجز و کامیابیوں پر مشتمل ،اپنی بقا کی جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ ترقی کر رہے ہیں،ایس ایل کی ٹیموں، کھلاڑیوں، سپانسرز، فرنچائز اور شائقین کاشکریہ ادا کرتاہوں،پی ایس ایل سے دنیا کی بہترین لیگس میں شامل ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی نیلامی ہوئی ،عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،پاکستان میں کرکٹ ترقی کررہی ،کامیابی صرف پی سی بی نہیں ، ہر پاکستانی کی فتح ہے ،نیلامی معمولی نہیں تھی ،پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد ،عوام کا کرکٹ سے لگاو اور محبت کی عکاس ہے،آکشن میں موجود افراد کو یقین دلاتا ہوں ابھی بہت مواقع ہیں، پاکستان کوترقی کی نئی بلندیوں تک لےکر جائیں گے، پی سی بی ،تمام پی ایس ایل ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا ٹیم خریدنے والے ایف کے ایس گروپ کے فواد سرور اور او زی گروپ کے حمزہ مجید کو مبارکباد دیتا ہوں،تاریخی لمحہ ،پی ایس ایل صرف ٹورنامنٹ نہیں ،لیگ بہت عزیز ، جذبات پی ایس ایل سے وابستہ ہیں، کرکٹ سے پیار کرنےوالوں کی جیت ہے،اعتماد کرنے پر نئی فرنچائز کے مالکان کامشکور ہوں،چیئرمین پی پی بی نے کہا ٹیمیں 10سال معاہدے کے تحت نیلام کی گئیں،ٹیمیں سالانہ فیس ادا کر کے معاہدہ تجدید کرائیں گی، 175 ،185 کروڑ ایک سال کی فیس ہے،نیلامی سے پی سی بی کو 36ارب ملیں گے، 4سے 5کمپنیاں امریکہ سے آئی تھیں ،رقم پاکستان میں سپورٹس کی مد میں خرچ ہوگی۔

محسن نقوی نے کہا سندھ حکومت کےساتھ حیدر آباد سٹیڈیم پر بات چیت چل رہی تھی، سیالکوٹ سٹیڈیم کےلئے خواجہ آصف بہت پریشان رہے، نئی فرنچائز کے بعد تقریباً پریشانی حل ہو جائےگی،ٹیم نے فیصلہ کیا تو ملتان سلطان کی آئندہ سال نیلامی کریں گے۔

دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل کی نئی فرنچائز حیدرآباد کے مالک ،ایس کے ایس گروپ کے سربراہ فواد سرور نے کہا ٹیم کی خریداری پر بہت خوشی،کامیابی ملنے کا یقین نہیں آرہا،بچپن سے ہی شوق تھا اپنی ٹیم بناوں اور کسی بڑے ایونٹ میں حصہ لوں، خواب پورا ہوگیا،حیدرآباد میں پلا بڑھا، ٹیم خرید کر ہی جانا چاہتے تھے۔

او زی ڈویلپرز اور سیالکوٹ ٹیم کے مالک حمزہ مجید نے کہا اوورسیز پاکستانی ہونے کی وجہ سے ہمیشہ خواب رہا ملک کیلئے کچھ کریں، سیالکوٹ کے پاس ائیر پورٹ تو تھا اب اپنی ٹیم بھی آگئی ،سیالکوٹ کی ٹیم ہی پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتے گی۔