راولپنڈی (مشرق نیوز) ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 21 اپریل 2026 کو خیبر ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سکیورٹی فورسز کی مہارت سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے گرفتاری کے خوف سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بیان میں مزید کہا کہ ہلاک ہونیوالے بھارتی سپانسرڈ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد عناصر علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
ضلع خیبر، سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد جہنم رسید کردئیے


















