اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے والا پاکستانی شہری تھا جو کچھ عرصہ قبل افغانستان چلا گیا تھا۔نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خودکش حملے سے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی ، دہشت گردی کیلئے ایسا موقع چنا گیا جب دو ممالک کے ساتھ ہم نے معاہدے کئے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت براہ راست کسی جارحیت کی جرات تو نہیں کرسکتا لیکن وہ اپنی پراکسیز اور افغانستان کے ذریعے پاکستان میں امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ خودکش حملہ آور نوشہرہ سے اسلام آباد آیا، ہم خودکش حملہ آور کے رشتہ داروں تک پہنچ گئے ہیں۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کا رابطہ ہے، بظاہراب خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اونرشپ لے رہی ہے۔
بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے: خواجہ آصف



















