اسرائیل کا مسجد اقصی اور ہولی چرچ تک رسائی روکنا ناقابل قبول ہے،مسلم ممالک


اسلام آباد: (بیوررپورٹ) پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے کہا ہے اسرائیل کا مسجد اقصیٰ، ہولی چرچ تک رسائی روکنا ناقابل قبول ،اقدام بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی اقدامات کو قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیتے مسترد کرتے ہوئے کہامسجد اقصیٰ کے دروازے مسلسل 30 دن تک حتیٰ کہ ماہ رمضان میں بھی بند رکھنا عبادت کی آزادی کی سنگین خلاف ورزی اور خطے کے امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

وزرائے خارجہ نے زور دیا مسجد اقصیٰ کا پورا احاطہ صرف مسلمانوں کی عبادت کےلئے مخصوص ، انتظامی امور اردن کے ماتحت اوقاف ادارے کے پاس ہیں، اسرائیل فوری طور پر مسجد اقصیٰ کے دروازے کھولے، یروشلم کے قدیم شہر میں عائد پابندیاں ختم کرے اورعبادت گزاروں کی رسائی میں رکاوٹ نہ ڈالے،عالمی برادری اسرائیل کو مقدس مقامات کےخلاف جاری خلاف ورزیوں ، غیر قانونی اقدامات سے باز رکھنے کےلئے موثر اور سخت موقف اختیار کرے۔