وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودیہ، قطر، ترکیہ کے بعد وطن واپس روانہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اپنا سہ ملکی دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ مکمل کرکے انطالیہ سے پاکستان روانہ ہو گئے۔ انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سفیر تولگا برمیک، سفیر نیلوفر کیگسیز، ممبر ترکیہ پارلیمنٹ برہان قایاترک اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔

وزیراعظم کا تین روزہ دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دوروں پر مشتمل تھا جہاں وزیراعظم نے تینوں برادر ممالک کی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شریک دیگر عالمی رہنماوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اپنے دوروں کے دوران وزیراعظم نے برادر ممالک کیساتھ تعلقات کی مزید مضبوطی، خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں اور خطے و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ ہم نے اپنی مصروفیات کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سعودی عرب اور قطر کے دورے نہایت نتیجہ خیز رہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے بامقصد دوطرفہ مذاکرات ہوئے، انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیرِ اعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کیساتھ ملاقات کی، انطالیہ ڈپلومیسی فورم عالمی پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔