لاہور:(وقائع نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اکیڈمی ایوارڈ (آسکر)یافتہ پاکستانی نژاد فلمساز، جرنلسٹ شرمین عبید چنائے نے ملاقات کی، مریم نواز نے عالمی شہرت یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے کا خیر مقدم کیا اور شرمین عبید چنائے کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور مہارت کو سراہا، وزیراعلیٰ نے صحافیانہ دستاویزی فلم سازی سے سماجی مسائل اجاگر کرنے کے عمل کو قابل تحسین قرار دیا، فلمساز شرمین عبید چنائے نے مریم نواز کی فن و ثقافت کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا، ملاقات میں این ایس آئی ٹی سٹی میں پنجاب فلم سٹی کے منصوبے پر تبادلہ خیال اوراشتراک کار پراتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا پنجاب فلم سٹی پراجیکٹ پاکستان کا پہلا ”اینڈ ٹو اینڈ“ میڈیا پروڈکشن ہب بنے گا، پنجاب فلم سٹی پراجیکٹ میں فلم، ٹی وی، ڈیجیٹل میڈیا وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن کی سہولت فراہم کریں گے،پنجاب فلم سٹی میں جدید اسٹوڈیوز، ساونڈ اسٹیجز، پوسٹ پروڈکشن لیبز، شوٹنگ سپاٹ،جھیل بھی بنائیں گے،مریم نواز نے پنجاب فلم سٹی میں کنونشن ہال، میڈیا ٹریڈ ہب اور فلم و میوزک سکول بھی بنا رہے ہیں۔
فلمساز شرمین عبیدچنائے نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز بہت اچھا کام کرہی ہیں، دہائیوں بعد بسنت فیسٹیول کا انعقاد وزیراعلیٰ کی کاوش کا مرہون منت ہے، بسنت میلے میں ہالی وڈ کی نمایاں شخصیات بھی دلچسپی کا اظہار کر چکی ہیں،بسنت میلے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کےلئے اگلے سال ہالی وڈ سٹار کو باقاعدہ مدعو کیا جائیگا، پنجاب میں ہارس اینڈ کیٹیل شو کا احیاقابل تحسین ہے، میلوں میں عوام کو معیاری تفریح کے مواقع میسر ہوتے ہیں۔
دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نواز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کے زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات کے متاثرین سے اظہار یکجہتی ،زلزلہ متاثرین کے عالمی دن پر پنجاب کو زیادہ مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
زلزلہ متاثرین کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا 2005 کے ہولناک زلزلہ متاثرین کے ہزاروں خاندانوں کے غم میں شریک ہیں، 2005 کے تباہ کن زلزلے میں بچھڑنے والوں کی یاد آج بھی باقی ہے، قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات کو کم کرنے کیلئے بہتر انفراسٹرکچر، جامع منصوبہ بندی اورعوامی شعوروآگاہی ناگزیر ہے، پاکستان سکول سیفٹی فریم ورک (PSSF) کے تحت نصاب میں قدرتی آفات کے بارے میں ابواب شامل کرنا قابل تحسین ہے، جیوگرافک انفارمیشن سسٹمز (GIS) اور سیٹلائٹ ماڈلنگ میں سرمایہ کاری کی جارہی ہے، تعمیرات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زلزلہ جیسی قدرتی آفات سے بچاو ممکن ہے۔
مریم نواز نے کہا حکومت پنجاب نے قدرتی آفات سے بچاو اور بحالی کےلئے موثر اقدامات کیے،سیلاب میں ہزاروں متاثرین کے بچاو، بحالی اور امداد کےلئے ریکارڈ وقت میں تاریخی کام کیا گیا، زلزلہ اور قدرتی آفات سے بچاو کے موثر حکومتی اقدامات عوام میں احساس تحفظ پیدا کرتے ہیں۔
پنجاب فلم سٹی پراجیکٹ پاکستان کا پہلا ”اینڈ ٹو اینڈ“ میڈیا پروڈکشن ہب بنے گا:مریم نواز


















