امریکی فوج آبنائے ہرمز میں گھسی تو انہیں نشانہ بنائینگے، ایران کی دھمکی

تہران (مشرق نیوز) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی افواج آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں آپریشن کرنے کی کوشش کریں گی تو انہیں نشانہ بنایا جائیگا۔ یہ بیان ایرانی فوج کی جانب سے اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کیلئے بحری مشن کا اعلان کیا۔

ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ کی سکیورٹی مکمل طور پر ایران کی مسلح افواج کے ہاتھ میں ہے اور یہاں سے گزرنے والی ہر قسم کی بحری آمد و رفت کو ایرانی افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ انجام دینا ہوگا۔ بیان میں تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر اجازت یا رابطے کے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے انکی سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق وہ اس آبی راستے کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ایرانی فوج نے اپنے بیان میں خاص طور پر خبردار کیا کہ کسی بھی غیر ملکی فوجی قوت، خصوصاً امریکہ کی فوج، اگر آبنائے ہرمز کے قریب آنے یا داخل ہونے کی کوشش کریگی تو اس کیخلاف فوری کارروائی کی جائیگی۔

ماہرین کے مطابق اس بیان کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے جبکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر بھی اسکے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔