اسلام آباد:(بیورورپورٹ) پاکستان ،ڈنمارک نے توانائی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دیتے ہوئے سٹریٹجک سیکٹر کوآپریشن پروگرام کے آغاز کےلئے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دئیے، مفاہمتی یادداشت پر سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخر عالم عرفان اور پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیروس مورٹینسن نے دستخط کیے، تقریب میں وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے خصوصی شرکت کی۔
معاہدے کے تحت پاکستان ،ڈنمارک توانائی شعبے میں حکومت سے حکومت (G2G) تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے،3اہم شعبوں پر مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا، طویل المدتی توانائی منصوبہ بندی، قومی گرڈ میں قابل تجدید توانائی کا موثر انضمام اور صنعتی شعبے میں توانائی کی استعداد کار میں بہتری شامل ہیں،پروگرام کے تحت ڈنمارک پاکستان کو طویل المدتی توانائی منصوبہ بندی کےلئے جدید تکنیکی معاونت فراہم کرےگا ،ڈنمارک کے ماہرین وفاقی توانائی اداروں کےساتھ ملکر جدید ٹیکنالوجی، مہارت ،تجربات کا تبادلہ کریں گے۔
حکام کے مطابق معاہدہ پاکستان میں گرین انرجی کی جانب منتقلی کی رفتار تیز کرنے، صنعتی شعبے میں توانائی کے موثر استعمال کو فروغ دینے اور قومی موسمیاتی اہداف کو کم لاگت و موثر انداز میں حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پاک ڈنمارک سٹریٹجک سیکٹر کوآپریشن پروگرام کاآغاز،مفاہمتی یادداشت پر دستخط


















