اپوزیشن کو پھر مذاکرات کی دعوت،تالی دونوں ہاتھ سے بجتی ہے،وزیراعظم

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو پھر مذاکرات کی دعوت دےدی۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہااپوزیشن کو معاملات طے کرنے کےلئے دعوت دیتا ہوں، حکومت بامقصد بات چیت کیلئے تیار ہے، ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی ،تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی اب اپوزیشن والوں پر منحصر ہے کتنی جلدی تعمیری مذاکرات کےلئے تیار ہوتے ہیں،ڈیزل کی قیمت میں کمی خوش آئند ، وزیر پٹرولیم کی کاوشوں سے قیمت میں 32 روپے لٹر کمی کی گئی، حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے کوشاں ، عالمی صورتحال کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوئے، مشکل معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے،مشکل حالات میں ریلیف دینے کیلئے 128 ارب مختص کیے۔

وزیراعظم نے کہاخطے کے کئی ممالک میں ریفائنریز ،کیمیکل پلانٹس بند ،پاکستان توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے،تاجر برادری کی مشاورت سے اچھی ایپ لانچ کی گئی، تاجروں کو پریشان کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی، ایف بی آر کو ہدایت کردی تاجربرادری کو پریشان نہ کیا جائے،معیشت میں آہستہ آہستہ بہتری ،امید ہے آئندہ دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوجائے گی۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے پنشنرز کےلئے پروف آف لائف کے جدید نظام کا افتتاح کردیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ملکی ترقی کےلئے دن رات کوشاں ، پنشنرز کےلئے نیا نظام بڑی خدمت ہے،سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ، وزیر خزانہ اور ڈاکٹر توقیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، چیئرمین نادرا نے شاندار کام کیا۔

شہباز شریف نے کہا نیا بائیومیٹرک ،چہرے کا تصدیقی نظام انسانیت کی خدمت ہے، نئے نظام سے بزرگوں ،معذوروں کو آسانی ہوگی،نئے نظام سے بینکوں کے چکر ختم ہوجائیں گے، نادرا کی جانب سے جدید پنشن ایپ ،تصدیقی نظام مفت فراہم کیا گیا ۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سکیورٹی امور پر ہونےوالے اجلاس میںوزیرداخلہ محسن نقوی اور چاروں صوبوں کے آئی جیز نے شرکت کی،وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملکی داخلی سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی ،وزیراعظم نے داخلی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں،ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی نجی ہسپتال منتقلی کے امور اور ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید برآں شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال ،شام کی تعمیر نو سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے شامی وزیر خارجہ ،وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر احمد الشرع کےلئے نیک خواہشات کا اظہار اور اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کیا۔

شہباز شریف نے شام کی خودمختاری، اتحاد ، علاقائی سالمیت کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے موقف کی بھرپور حمایت کرے گا،دونوں ممالک کے تعلقات کو سیاسی، دفاعی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم ،انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،براہ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ،پاکستان سے شام جانے والے زائرین کو سہولت ملے گی۔

شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کےلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور وزیراعظم کو شام کی سیاسی صورتحال ، تعمیر نو کی کوششوں سے آگاہ کیا،اسعد حسن الشیبانی نے شام کےلئے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا شامی حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ،تعاون کےلئے جلد باقاعدہ ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی خواہش ہے۔