گورنمنٹ کالج خواتین ہیئر میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح


لاہور: (ایجوکیشن نیوز)گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین ہیئر میںتعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں سے بھرپور یادگار دن منایا گیا، جہاں وومین ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے قائم کردہ ڈے کیئر سنٹر کی افتتاحی تقریب اور سپورٹس ڈے کی رنگا رنگ سرگرمیاں ہوئیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر کالجز احسن مختار تھے،کالج آمد پر پرنسپل مسز ارم ذوالفقار نے مہمان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا، ڈائریکٹر کالجز نے ڈے کیئر سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے سنٹر میں فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

احسن مختار نے اقدام کو خواتین اساتذہ کےلئے اہم سہولت قرار دیتے ہوئے کہا ڈے کیئر سنٹر کا قیام نہ صرف ادارہ جاتی ترقی کی علامت ہے بلکہ خواتین اساتذہ کو ذہنی سکون فراہم کر کے انہیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مزید یکسوئی عطا کرے گا،ڈائریکٹر کالجز نے سنٹر کے معیار اور انتظامات کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی،بعد ازاں سپورٹس ڈے کی تقریب میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں طالبات نے بھرپور جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔