اسحاق ڈار کی نیویارک میں برطانوی اور آذر بائیجان کے وزراءخارجہ سے ملاقاتیں

نیویارک (مشرق نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے نیویارک میں برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی ملاقات میں اسحاق ڈار نے فلسطین پر اہم اجلاس بلانے پر برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں عوامی روابط کے فروغ اور اعلیٰ سطح رابطے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر موثر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دوسری جانب نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور واشنگٹن میں بورڈ آف پیس اجلاس کا ذکر بھی ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔